سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر انتقال کر گئیں

سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، شمشاد اختر انتقال کر گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوا۔ شمشاد اختر اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں۔ جبکہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی آزاد ڈائریکٹر بھی رہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2023 میں بطور نگراں وزیر خزانہ بھی خدمات سرانجام دیں

شمشاد اختر 2 جنوری 2006 کو اسٹیٹ بینک کی 14 ویں گورنر مقرر ہوئیں، ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر کراچی میں ادا کی جائے گی۔

مرحومہ حیدرآباد میں پیدا ہوئیں اور ابتدائی تعلیم کراچی اور اسلام آباد سے حاصل کی۔

انہوں نے 1974 میں پنجاب یونیورسٹی سے بی اے اکنامکس اور قائد اعظم یونیورسٹی سے ایم ایس سی اکنامکس مکمل کیا۔

بعد ازاں یونیورسٹی آف سسیکس سے 1977 میں ڈیولپمنٹ اکنامکس میں ایم اے کیا اور برطانیہ کے پیسلے کالج آف ٹیکنالوجی سے 1980 میں معاشیات میں ڈاکٹریٹ حاصل کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر نے شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی معیشت اور مالیاتی نظم و نسق کے شعبے میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت آصف زرداری نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

Scroll to Top