امریکہ میں بھی یوم القدس کی گونج

 اسرائیل کے جرائم پر احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ روز امریکہ میں فلسطین کے حامیوں نے یوم القدس کی مناسبت سے ریلی کا انعقاد کیا۔ یہ ریلی شکاگو میں نکالی گئی جہاں مظاہرین نے صیہونی جرائم کی مذمت کی۔

اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے فلسطین کے پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے صیہونی مظالم کے خلاف غزہ کی عوام کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس مارچ کے انعقاد سے قبل بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر لوگوں کو مذکورہ القدس ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو دنیا بھر میں فلسطین سے یکجہتی کے لئے القدس مارچ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کی بنیاد بانی انقلاب اسلامی ایران “امام خمینی” رہ نے رکھی تھی۔

اس سال ایران سمیت پاکستان، عراق، تیونس، مراکش اور دنیا بھر کے متعدد ممالک میں القدس مارچ منعقد ہوا جس میں دنیا کے حریت پسند افراد نے شرکت کی۔ ان ریلیوں کے شرکاء نے صیہونی جرائم پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

Scroll to Top