پاکستان، ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے، شہبازشریف کا مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون

وزیراعظم شہبازشریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون رابطے میں ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان برادر ملک کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کیا۔

دوران گفتگو وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایران اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے، اسرائیلی جارحیت ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، وزیراعظم نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدر پزشکیان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیزی علاقائی اور عالمی امن واستحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، وزیراعظم نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے بہادر فلسطینیوں کی ظالمانہ نسل کشی کی بھی شدید مذمت کی، ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل کو غیر قانونی اقدامات سے روکے، پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

اس موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی حمایت اور یکجہتی پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا، انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو اسرائیل کے ساتھ کشیدگی پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

ایرانی صدر نے اسلامی ملکوں پر خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مل جل کر کام کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسعود پزشکیان نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top