نجم الحسن شانتو بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار

بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسن شانتو نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں شکست کے بعد کپتانی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق کولمبو میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم الحسن شانتو نے کہا کہ ’ایک ٹیم کے لیے 3 الگ الگ کپتانوں سے نمٹنا مشکل ہوتا ہے لہذا بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کپتانی چھوڑ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فارمیٹ میں کپتانی جاری رکھنا نہیں چاہتا اور سب کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ ذاتی نہیں بلکہ ٹیم کے مفاد میں فیصلہ ہے، اپنے فیصلے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیئرمین کرکٹ آپریشنز ناظم الحسن فہیم نے شانتو کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم کچھ عرصے سے اس معاملے پر بات چیت کر رہے تھے لیکن مجھے معلوم نہیں تھا کہ شانتو آج ہی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کر دیں گے‘۔

نجم الحسن شانتو بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان تھے، تاہم رواں برس کے آغاز میں انہوں نے ٹی 20 فارمیٹ کی کپتانی چھوڑ دی تھی جس کے بعد انھیں ایک روزہ فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹا کر مہدی حسن میراز کو نیا کپتان مقرر کر دیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں قیادت سے ہٹائے جانے پر شانتو کو مایوسی ہوئی لیکن انہوں نے اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

بنگلہ دیش ٹیم کے سابق کپتان نجم الحسن شانتو کی قیادت میں بنگلہ دیش کو 14 ٹیسٹ میچز میں صرف 4 میں کامیابی ملی۔

بطور کپتان انہوں نے نومبر 2023 میں سلہٹ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر شروعات اور اگست 2024 میں پاکستان کے خلاف سیریز جیت کر اپنی کپتانی کا لوہا منوایا، شانتو سری لنکا کے خلاف ایک ٹیسٹ میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے بنگلہ دیشی کپتان بھی بنے۔

شانتو کو نومبر 2023 میں شکیب الحسن کی انجری کے بعد عارضی طور پر بنگلہ دیش کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تاہم 2024 کے اوائل میں انہیں تمام فارمیٹس کا مستقل کپتان بنا دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کو اکتوبر میں آئرلینڈ کے خلاف شیڈول ٹیسٹ میچ سے قبل نئےکپتان کا فیصلہ کرنا ہوگا، بنگلہ دیش کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی لٹن داس جب کہ ایک روزہ فارمیٹ میں مہدی حسن میراز قیادت کر رہے ہیں۔

Scroll to Top