وزیراعظم شہباز شریف نے ناراض لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے تھے، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر غور کیا۔
اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف چوہدری نثار کو منانے کی کوشش کریں گے، واضح رہے کہ پارٹی سےناراض چوہدری نثار طویل عرصے سے سیاست سے کنارہ کش ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال ستمبر میں چوہدری نثار علی خان کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھی اور بہن کے انتقال پر تعزیت کی تھی۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق چوہدری نثار علی خان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
چوہدری نثار علی خان جو کبھی مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما تھے، 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔
اس وقت چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہوں، میں اقتدار کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔
بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور دعویٰ کہ ان کی جماعت نے زیادہ تر ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دیے۔