قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی دامت برکاتہ نے سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ ترلائی اسلام آباد میں زخمی ہونے والے مومنین کی عیادت کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) اسپتال اور پولی کلینک کا دورہ کیا۔
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ نے زخمی مومنین سے ملاقات کی، ان کے احوال معلوم کیے، ان کے زخموں کی تفصیلات سننے کے بعد ان کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے زخمیوں کو تسلی بخش الفاظ سے نوازا اور یقین دلایا کہ ملت جعفریہ پاکستان ان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد و حمایت کرے گی۔
حضرت آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ یہ سانحہ ایک بزدلانہ اور غیر انسانی کارروائی ہے جس نے معصوم نمازیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے زخمیوں اور شہداء کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد شفا کاملہ عطا فرمائے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں، مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ ایسی وارداتوں کا سد باب کیا جا سکے اور عبادت گاہوں میں آنے والے نمازیوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
وفد میں شیعہ علماء کونسل پاکستان اور تحریک جعفریہ پاکستان کے دیگر مرکزی و صوبائی عہدیداران بھی شریک تھے۔