اسلام 24/7کے مطبق علامہ سید حسنین عباس گردیزی صدر مجلس علما مکتب اہلبیت پاکستان نے انقلاب اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سالگرہ کے موقع پر ہم پوری امتِ مسلمہ، عالمِ اسلام اور بالخصوص اسلامی ایران کی عظیم قوم کو دل کی گہرائیوں سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں۔
یہ دن محض ایک سیاسی تبدیلی کی یاد نہیں بلکہ یہ اس الٰہی انقلاب کی تجدید ہے جس نے استکبار، ظلم، شاہی آمریت اور سامراجی غلامی کے خلاف ایک مظلوم مگر باوقار قوم کو قیام، خودداری اور خود انحصاری کی طاقت عطا کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں ایران نے جس استقامت، خودمختاری اور سائنسی و دفاعی ترقی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ دنیا کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ جو قوم خدا پر بھروسہ اور اپنے نظریے پر یقین رکھتی ہو، اسے کوئی طاقت مغلوب نہیں کر سکت
ی۔آج اسلامی ایران نہ صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر ایک مؤثر اور خوددار قوت کے طور پر ابھرا ہے جو مظلوموں کی حمایت اور ظالم نظاموں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے کی علامت بن چکا ہے۔ یہ سب کچھ انقلابِ اسلامی کی برکات، شہداء کے خون اور امام خمینیؒ کے بصیرت افروز قیام کا نتیجہ ہے۔
ہم عظیم رہبر انقلاب، حضرت امام خمینیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسلام کو صرف مسجد تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے ایک زندہ انقلابی نظام بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا۔
اسی طرح ہم موجودہ رہبرِ معظم انقلاب اسلامی، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای مدظلہ العالی کی بصیرت، شجاعت اور عالمی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں، جن کی حکمت و استقامت نے اسلامی انقلاب کو طوفانوں کے باوجود سربلند رکھا ہے۔
ہم پروردگارِ عالم سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ رہبر معظم کو طولِ عمرِ با برکت عطا فرمائے،
اسلامی ایران کو ہر میدان میں مزید کامیابیاں نصیب فرمائے، اور اس انقلاب کو حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ظہور اور عالمی عدل کے انقلاب سے متصل فرمائے۔