شہید عون عباس نے سینکڑوں نمازیوں کی جان بچائی، حکومت تمغۂ شجاعت سے نوازے:علامہ راجہ ناصر عباس کا مطالبہ


سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید عون عباس نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر سینکڑوں نمازیوں کی جانیں بچائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہید عون عباس کو ان کی غیر معمولی بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں تمغۂ شجاعت سے نوازے۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ جس طرح اعتزاز حسن نے خودکش حملہ آور کو روک کر معصوم بچوں کی جانیں بچائیں، بالکل اسی طرح عون عباس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کئی نمازیوں کو بچایا اور وطن پر قربان ہو گئے۔ ایسے ہیروز قوم کا فخر ہوتے ہیں اور انہیں قومی سطح پر خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سانحے میں شہید ہونے والے سب وطن کے بیٹے ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ وزیر اعظم اور دیگر قومی حکومتی شخصیات نے شہید عون عباس کے جنازے میں شرکت نہیں کی۔ مزید یہ کہ شہید کے والد سے تعزیت اور دلجوئی کے لیے بھی کوئی حکومتی وزیر ان کے گھر نہیں گیا، جو نہایت افسوسناک ہے۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہ کیا جائے، ان کے اہلِ خانہ کی سرپرستی کی جائے اور ایسے بہادر افراد کو سرکاری سطح پر اعزازات دے کر قوم کے سامنے مثال بنایا جائے۔

Scroll to Top