اسلام 24/7کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی رہائشگاہ پر ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، جماعت اہلِ حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر شیرازی سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، عمائدینِ قوم، صحافی حضرات اور دیگر رفقاء نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں سانحہ اسلام آباد، جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ ترلائی کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل سے اظہارِ تعزیت کیا گیا۔
بعد ازاں انتظامی نااہلی، موجودہ حالات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کے انعقاد سمیت آئندہ کے لائحۂ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور نائب صدر علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اہم قومی و ملی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ امت اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔