روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے ایران پر صیہونی حکومت اور امریکہ کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جارحیت کرنے والوں نے سبق سیکھ لیا ہوگا۔
محمد خالد جمالی نے ماسکو میں ایران کے سفارتخانے پہنچ کر وزیٹر بک پر تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔
انہوں نے اس موقع پر ہمارے رپورٹر سے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ اسرائیل نے ایران پر جارحیت کی ہے۔
روس میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان نے کھل کر صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی ہے اور اپنے ہمسایہ اور برادر ملک ایران کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی عوام، ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
محمد خالد جمالی نے اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکہ اور صیہونی حکومت کی جارحیت کو اقوام متحدہ کے منشور کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ جارحیت کرنے والوں نے سبق سیکھ لیا ہو اور ایسی غلطی کو نہ دوہرائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق، ایران کی ارضی سالمیت، خودمختاری اور اقتدار اعلی کا احترام کریں۔