جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پاکستان کی افغان سرحد پر کیے جانے والے آپریش عضب الحق کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچہ بچہ ملک کے دفاع کے لیے کھڑا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں افغان طالبان حکومت کو سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ پاکستان کے ساتھ محاذ آرائی ان کے حق میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں اور افغان طالبان کو انتباہ کے باوجود دہشتگردی کی سرپرستی اور پاکستانی سرحدی علاقوں میں دخل اندازی نے پاک افواج کو دفاعی کارروائی پر مجبور کیا ہے۔ علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ مقدس ماہ رمضان میں ہم مسلمانوں کی آپس کی لڑائی کے حق میں نہیں، ہم امت کی وحدت چاہتے ہیں لیکن افغان طالبان یہود و ہنود کے اشاروں پر پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال کررہے ہیں، اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین کے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، آو آئی سی اور دیگر مسلم ممالک دونوں ممالک میں ثالثی کا کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں گیا، افغان حکومت ہوش کے ناخن لے اور اشتعال انگیزی اور دہشتگردوں کی سرپرستی سے گریز کرے۔
انہوں نے پاکستان کے اندر موجود افغان دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود بہت سے دینی مراکز دہشتگردی میں ملوث ہیں
ان کی سخت نگرانی کی جائے۔
صدر جعفریہ الائنس نے انتباہ کیا کہ آپریشن عضب الحق کا بدلہ افغان طالبان پاکستان میں موجود اپنے سہولت کاروں کے ذریعہ دہشتگردی کرکے لے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ ماضی اور حال میں افغانستان سے آپریٹ ہونے والی دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے لہذا حکومت و سیکورٹی ادارے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کریں۔