اسرائیل کو بھاگنے نہیں دیں گے، صہیونی ریاست کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، آیت اللہ سید علی خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ کا آغاز کیا لیکن اب انہیں بھاگنے نہیں دیں گے بلکہ صہیونی ریاست کو اپنے جرائم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر نے قوم سے خطاب میں اسرائیل کو خبردا کیا ہے کہ صہیونی حکومت اپنے جرم کے نتائج سے محفوظ نہیں رہے گی، انہیں اپنے جرائم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

انہوں نے اسرائیل کو خبراد کیا کہ اس جنگ کے آغاز کے بعد انہیں بھاگنے نہیں دیں گے جب کہ ایرانی قوم کو یقین دلایا جانا چاہیے کہ ہمارا جواب آدھا ادھورا نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایک سنگین غلطی کی ہے، ایرانی شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہماری مسلح افواج تیار ہیں، ملک کے حکام اور عوام کے تمام ارکان مسلح افواج کے پیچھے کھڑے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ہمیں صہیونی دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی چاہیے، ہمیں طاقت سے کام لینا چاہیے، اور ہم طاقت سے جواب دیں گے، ہم ان کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ آج علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے تھے۔

اسرائیلی حملوں پر ردعمل میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی تلخ اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔

اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنی احمقانہ اور سفاکانہ جارحیت پر پچھتائے گا، اسے بھرپور جواب دیں گے۔

Scroll to Top