اسرائیل کا تہران میں آئل ڈپو پرحملہ ، تیل بہنے سے سڑکوں پر آگ کی ندی بہنے لگی

امریکا اور اسرائیل نے تہران میں آئل ڈپو پر حملے کیے جس سے تیل کے ذخائر میں آگ بھڑک اٹھی، تیل بہنے سے سڑکوں پر بھی آگ پھیلتی نظر آئی۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد تباہ ہونے والے تیل کے ڈپو سے بہنے والا تیل شہر کے سیوریج نظام میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں سڑکوں کے کناروں پر آگ بھڑک اٹھی اور اسے مقامی طور پر ’آگ کی ندی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جس میں شہر کی ایک سڑک کے کنارے آگ کے شعلے مسلسل بھڑکتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق تیل کے بہاؤ کے سیوریج لائنوں میں داخل ہونے سے بعض علاقوں میں آگ پھیل گئی، جس سے شہری انفرااسٹرکچر اور ماحولیات کو مزید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر تیل کے اخراج کو فوری طور پر قابو نہ کیا گیا تو آگ مزید علاقوں تک پھیل سکتی ہے اور شہری آبادی کے لیے خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وزارتِ آئل نے تصدیق کی تھی کہ اسرائیلی حملوں میں تین مختلف مقامات پر واقع ایندھن کے ذخیرہ ڈپو نشانہ بنے۔ ان میں کیراج بھی شامل ہے جو  صوبہ البرز میں واقع ایک صنعتی زون ہے۔

Scroll to Top