آذربائیجان : وزیراعظم شہبازشریف اور ایرانی صدر کی ملاقات، اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال

آذربائیجان میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات ہوئی، جس میں اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق آذر بائیجان کے شہر خانکندی میں ملاقات میں شہبازشریف اور ایرانی صدر نے تمام شعبوں میں جاری پاک-ایران تعاون کا جائزہ لیا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانےکےگزشتہ فیصلوں میں پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں آذر بائیجان میں موجود ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور برادر ملک ایران سے شہادتوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہدا کے لیے جنت کے حصول اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے غیرقانونی طور پر زیر قبضہ کشمیر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی اور دشمنی پر اقدام خطے کا امن تہہ و بالا کرنے کی ایک اور کوشش تھی، پاک فوج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ۔

Scroll to Top