سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ شہر کراچی کی ایک اہم شاہراہ کو ایرانی رہنما سید علی خامنہ ای کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے مزید تفصیلات اور انتظامی اقدامات جلد سامنے لائے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر سندھ حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ شہری مذہبی عبادات میں آسانی سے شرکت کر سکیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عدالتی احکامات کے پیش نظر جمعتہ الوداع کے دن شاہراہ فیصل پر کسی بھی قسم کی ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
صوبائی وزیر نے مذہبی اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اپنے روایتی راستوں پر ہی ریلیاں نکالیں اور قانون و ضابطے کی مکمل پابندی کریں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
ناصر حسین شاہ کے مطابق انتظامیہ کی کوشش ہے کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر کراچی میں ٹریفک اور سیکیورٹی کے معاملات کو مؤثر انداز میں سنبھالا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔